فرزانہ صدیق: آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحق قائم خصوصی عدالت نے ہفتہ کے روز اڈیالہ جیل میں پبلک اور میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں کیس کی سماعت کی۔ وکیل کی عدم موجودگی کے سبب مقدمہ کی آج طے شدہ کارروائی نہ ہو سکی۔ تاہم میڈیا اور پبلک کی موجودگی میں ملزم چئیرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو بولنے کا کافی موقع دیا گیا۔
عدالت نے سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 4 دسمبر کو نقول تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے آج ہفتہ کے روز کی سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا ۔
عدالت کی جانب سے ہفتہ کے روز کی سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ پبلک اور میڈیا کے نمائندے عدالتی کارروائی کے دوران موجود تھے،سی آر پی سی کی سیکشن 352 پر مکمل عمل درآمد کیا گیا ، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو میڈیا کی موجودگی میں بولنے کی اجازت دی گئی ،چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو میڈیا اور پبلک کی موجودگی میں کافی وقت دیا گیا ۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی حاضری کیلئے کیس مقرر تھا ، آج آرٹیکل 10 اے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر دلائل بھی ہونا تھے ،وکیل سکندر ذوالقرنین سلیم کی عدم موجودگی کی وجہ سے آج دلائل نہیں ہو سکے۔