چلاس کے قریب بس پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 8 افراد جاں بحق، 26 زخمی

2 Dec, 2023 | 10:35 PM

سمیع اللہ: چلاس کے مضافاتی علاقہ ہڈور کے مقام پر شاہراہِ قراقرم پر  مسافر بس پر فائرنگ کے بعد  مال بردار ٹرک اور مسافر بس آپس میں ٹکرا گئے۔جس سے ٹرک میں آگ لگ گئی۔ ٹرک اور بس کے ٹصادم سے آگ لگنے اور  فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 8  افراد  کی لاشوں اور26 زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس پہنچایا ہے۔گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ نے اس واقعہ کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔ 

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق  غذر سے راولپنڈی جانے والی بس پر فائرنگ  اور فائرنگ کے بعد بس کے راولپنڈی سے آنے والے مال بردار ٹرک سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں 26  افراد زخمی جبکہ 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ 

ڈپٹی کمشنر دیامر عارف احمد نے بتایا کہ  K2 ٹریولز کی مسافر بس نمبر BLN 4647 غذر سے راولپنڈی جارہی تھی۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجہ میں بس بے قابو ہو کر  راولپنڈی سے شمال کی طرف جانے والے مال بردار ٹرک نمبر HNZ-136  سے ٹکرا گئی۔  بس کی ٹکر سےٹرک  میں آگ لگ گئی۔مال برادر ٹرک پر آگ لگنے سے ٹرک کا اگلا حصہ مکمل طور جل چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بس پر فائرنگ ہوئی سے کئی مسافر جاں بحق ہو گئے۔

عینی شاہدوں کے مطابق ٹرک کا ڈرائیور آگ سے جھلس کر جان بحق ہو گیا.زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس پہنچایا جا رہا ہے۔

وزیرداخلہ گلگت بلتستان  شمس لون نے بس پر فائرنگ کے واقعہ کو دہشتگردی قرار دے دیا

رپورٹ مہتاب الرحمان گلگت: چلاس کے قریب مسافر بس پر فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق اور 26 افراد زخمی ہونے کے واقعہ کو گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس لون نے دہشت گردی کا منظم واقعہ قرار دیا ہے۔ شمس لون نے بتایا کہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع کی طرف روانہ کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ شمس لون نے گلگت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چلاس دہشت گردی کے واقعہ میں دشمن ملک بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہے۔ گلگت شہر سمیت تمام اضلاع میں سیکیورٹی بڑھادی گی ہے۔شمس لون نے بتایا کہ اس واقعہ کے تمام زخمی افراد کا مفت علاج ہوگا۔

مزیدخبریں