وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس؛ اہم اقدامات پر غور

2 Dec, 2022 | 04:03 PM

ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہوا، جس میں وفاقی وزرا، سینئر لیگی رہنما، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور  اراکین پنجاب اسمبلی شریک ہوئے، جن میں حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ سعد رفیق، احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، ملک احمد خان، اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق  اور دیگر شامل تھے۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی نیز وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ شب پارٹی قائد نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے ورچوئل اجلاس کی سفارشات کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔

اہم ہنگامی اجلاس میں وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ گورنر راج کے نفاذ حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کو ناراض پی ٹی آئی اراکین سے رابطوں کے سلسلے میں آگاہی دی گئی۔  علاوہ ازیں وزیراعظم کو پنجاب اسمبلی کے معطل لیگی ارکان کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں تحریک عدم اعتماد، اعتماد کا ووٹ لینے اور گورنر راج کے نفاذ سمیت تمام ممکنہ قانونی و آئینی آپشنز پر مشاورت کی گئی۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف آج صبح ہی اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا لاہور میں قیام 2 سے 3 روز پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں