(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان کی نانی رضیہ خانم 25 نومبر بروز جمعرات کو خالقِ حقیقی سے جاملیں۔
خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی نانی کے انتقال کی اطلاع گزشتہ شب انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی اور نانی کے ہمراہ چند یادگار تصاویر بھی شیئر کیں، ماہرہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کی نانی کا انتقال جمعرات کی سہ پہر ہوا، ان کے لیے ماہِ نومبر کافی مشکل رہا، کبھی بہت تکلیف دہ لیکن اکثر اوقات خوبصورت۔ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کی نانی نے 5 سال کی عمر میں اپنی ماں کو کھو دیا تھا مگر وہ اپنی فیملی کیلئے زندہ رہیں۔
View this post on Instagram
ماہرہ خان نے اپنی مرحوم نانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہانی سنانے میں ماہر، ساڑھی زیب تن کرنے میں نفیس، بے حد خود مختار، اپنی صحت کا خیال رکھنے والی، دوسروں کی باتیں دھیان لگاکر سننے والی، پیار کرنے والی ماں اور اظہارِ خیال کرنے والی انسان تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ میری نانی سے جو بھی ملتا تھا وہ خود کو خاص محسوس کرتا تھا، انہیں بھولنے کی بیماری تھی، وہ اکثر نام اور لوگوں کو ایک دوسرے سے ملا دیتی تھیں لیکن ایک چیز جو وہ کبھی نہیں بھولیں وہ اپنی اور نانا کی محبت بھری کہانی تھی، میرے نانا کا انتقال 32 برس قبل ہوگیا تھا لیکن پھر بھی نانی نے انہیں ہمیشہ یاد رکھا۔