اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو بڑا دھچکا لگ گیا

2 Dec, 2020 | 09:36 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (راؤ دلشاد) اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو بڑا دھچکا،  ڈپٹی کمشنرلاہور مدثر ریاض ملک نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

مسلم لیگ( ن) کے سینیٹر رانا مقبول، سابق لارڈ مئیر کرنل (ر) مبشرجاوید، رکن اسمبلی سمیع اللہ خان، راجہ خرم ایڈووکیٹ، امتیاز الٰہی ایڈووکیٹ نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی تھی، ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ جلسہ ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پنجاب حکومت نے کرنا ہے، انتظامیہ نے حکومت کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرنا ہے، جبکہ جلسوں کے باعث کورونا وائرس کے پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے واضح کیا ہے کہ لاہور میں جلسے پر بدستور پابندی ہے ، روکا نہیں جائے گا، ایس اوپیز پر عملدر آمد نہ ہوا تو رہنماؤں کیخلاف کارروائی ضرور ہوگی، لوگوں کو خطرے میں ڈالنا کہاں کی منطق ہے، ہمیں وبا کے پھیلنے کی زیادہ فکر ہے، مریم نواز نے جلسے میں جھوٹ بولے ہیں اور ہم تاریخی حوالے سے بھیجے گئے جھوٹ کو سامنے لائیں گے، بنڈل آئی لینڈ اور راوی ریور پراجیکٹس میں رکاوٹیں آئیں گی، وزیر اعظم گھبرانے والے نہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت جلسے یا جلوس کی مخالفت کرنا اور پابندی لگانے کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ وبا آئی ہوئی ہے اور کئی ممالک نے لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کردیا ہے۔ ہمارے ہسپتالوں میں محدود گنجائش ہے حالانکہ ہم نے پہلی لہر کے بعد طبی آلات، ہسپتال اور دیگر تمام انتظامات مناسب سطح پر لے آئے لیکن ہم 22 کروڑ آبادی ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اگر ایس او پیز کی اسی طرح خلاف ورزی جاری رہی، جس کا مظاہرہ اپوزیشن گاہے بگاہے کرتی رہتی ہے تو ایسے میں بڑا مشکل ہوجائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے  ن لیگ کے سینیٹر رانا مقبول نے کہاکہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنے کا فائدہ ہی ہوتا ہے،سول ایڈمنسٹریٹر یشن حکومت کو زمینی حقائق سے آگاہ کرے تاکہ شہر کا امن خراب نہ ہو اور تصادم سے بھی بچا جاسکے۔

 سابق مئیر لاہور کرنل( ر) مبشرجاوید نے کہاکہ مینار پاکستان میں خادم رضوی کی نمازہ جنازہ اور منہاج القرآن کا اجتماع ہوچکا، مسلم لیگ( ن) کو بھی اجازت ملنی چاہیے، مذہبی پروگرام ہوسکتا ہے تو سیاسی جلسے میں کیا حرج ہے؟ 

رکن اسمبلی سمیع اللہ خان نے کہاکہ آپ تین روز میں حکومت سے بات کر کے ہمارے ساتھ میٹنگ کرلیں، جلسے کے شرکاء کیلئے 5 لاکھ ماسک فراہم کر رہے ہیں، حکومت جو بھی فیصلہ کرے انتظامیہ ہمیں بر وقت آگاہ کرے۔

مزیدخبریں