علی اکبر: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر نے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم کو گزشتہ 7 دہائیوں سے اہمیت نہیں دی گئی۔ تعلیم پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنی نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مرادراس نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئی تعلیمی پالیسی ”دی نیو ڈیل“ کے ذریعہ ایجوکیشن سیکٹر میں دُور رس تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پرپوری توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”انصاف آفٹرنون سکول“ کا پروگرام تحریک انصاف کامنصوبہ ہے۔ ”انصاف آفٹرنون سکول“ پروگرام کے ذریعے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سکول سے باہر بچوں کے لیے مزید 100 سکول قائم کیے جا رہے ہیں۔ ”انصاف آفٹر نون سکول“ پروگرام شعبہ تعلیم میں حقیقی تبدیلی کا نقیب ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بچوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرناہماری ذمہ داری ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات ملک کے روشن مستقبل اور نئے پاکستان کی بنیاد بنیں گے۔ تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔