(عرفان ملک) ملتان روڈ رکشہ دھماکے میں اہم پیش رفت، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار رکشہ ڈرائیور کو کلین چٹ دے دی۔ رکشہ ڈرائیور کی مدد سے مبینہ دہشت گرد کا خاکہ تیار کر لیا گیا۔
جمعہ کے روز ملتان روڈ پر ایک رکشہ میں زور دار دھماکہ ہوا جس میں سی ٹی ڈی کے مطابق رکشہ ڈرائیور رمضان سمیت 14 افراد زخمی ہوئے۔ گرفتار رکشہ ڈرائیور رمضان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بتایا کہ اس نے شیراکوٹ کے قریب سے ایک سواری کو بٹھایا اور سمن آباد اتار دیا تھا جس کے کچھ ہی دیر بعد زور دار دھماکہ ہو گیا۔
گرفتار رکشہ ڈرائیور رمضان نے مبینہ دہشت گرد کا حلیہ بتا دیا۔ محمد رمضان کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گرد کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔ رمضان کے ابتدائی بیان کے مطابق دہشت گرد نے ہلکے نیلے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی اور براون رنگ کی چادر اوڑھ رکھی تھی جس نے شیرا کوٹ سے رکشہ میں بیٹھ کر بارودی مواد رکشہ میں نصب کیا تھا۔
خاکہ جاری کرنے کے بعد سمن آباد اترنے والے مبینہ دہشت گرد کی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رکشہ ڈرائیور کے بیان کی سی سی ٹی وی کیمروں سے تصدیق کر لی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ابتک تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔