(ملک اشرف) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے واضح کیا ہے کہ ریٹائرمنٹ سے قبل ہیومن رائٹس سے متعلق لیے گئے ازخود نوٹس نمٹا کر جاﺅں گا۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار 65 سال کی عمر پوری ہونے کے باعث 17 جنوری 2019ءکوریٹائر ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ میں صرف ڈیڑھ ماہ باقی ہے۔ چیف جسٹس نے انسانی بنیادی حقوق و مفاد عامہ کے بہت سے معاملات پر از خود نوٹس لیے ہیں۔ جن میں صاف پانی کے تحفظ، سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار، ہسپتالوں میں فضلہ ٹھکانے لگانے، نجی ہسپتالوں میں مہنگے علاج، میڈیکل کالجز میں طلبا کی فیسوں میں اضافے سمیت انتہائی اہم معاملات پر از خود نوٹس لے کر احکامات جاری کیے ہیں، جس سے شہریوں کو فوری ریلیف ملا اور شہری دور دراز سے اپنے مسائل کے حل کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کے بنائے گئے ہیومن رائٹس سیل سے رجوع کرنے لگے۔
چیف جسٹس پاکستان نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ انسانی حقوق سے متعلق کوئی ازخود نوٹس آنے والے چیف جسٹس کے لئے چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔ ازخود نوٹس لینا آنے والے چیف جسٹس کی مرضی ہو گی۔