(ملک اشرف): ڈپٹی سیکرٹری مجلس وحدت المسلمین ناصر عباس شیرازی ایک ماہ اور ایک دن بعد بازیاب، لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر بازیابی عمل میں آئی، ناصر عباس شیرازی کو چار دسمبر کو ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری مجلس وحدت المسلمین ناصر عباس شیرازی کو نامعلوم مقام سے رہا کیا گیا جہاں سے ان کے بھائی انہیں لے کر لاہور آئے، ناصر عباس شیرازی یکم نومبر کو واپڈا ٹاؤن سے مبینہ طور پر لاپتہ ہوئے۔ عدالت میں علی عباس نے بازیابی کے لئے فدا حسین رانا ایڈوکیٹ کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا۔ جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایم آئی کے نمائندے اور پولیس افسران کو طلب کیا۔ عدالت نے ایجنسیوں اور پولیس کو ناصر عباس شیرازی کو بازیاب کر کے 4 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
ادھر مجلس وحدت المسلمین اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے بھی ناصر عباس شیرازی کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ جن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور رانا ثناءاللہ کی وجہ سے ناصر عباس شیرازی کو اغواء کیا گیا۔ تھانہ ستوکتلہ میں وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور صوبائی وزیر قانون کے خلاف درخواست دینے کے باوجود اغوا کا مقدمہ درج نہیں ہوا۔