لاہور کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں، 3 انسانی سمگلرز گرفتار

2 Aug, 2024 | 02:24 PM

عرفان ملک : انسدادِ انسانی سمگلنگ لاہور نے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 3 انسانی سمگلرز گرفتار کرلیے ۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسدادِ انسانی سمگلنگ لاہور نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 انسانی سمگلرز گرفتار کرلیے ، ملزمان کو چھاپہ مار کاروائیوں میں لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ۔ ملزمان کی شناخت شاہزیب علی، عثمان احسن اور عبید الرحمٰن کے نام سے ہوئی ۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان ویزہ فراڈ اور معصوم شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے ۔ ملزمان نے سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک ملازمت جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے ۔ ملزم عثمان احسن نے 8 شہریوں کو یو اے ای کا ورک ویزہ دلوانے کے لیے 12 لاکھ روپے بٹورے، ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا۔ ملزم عبید الرحمٰن اور شاہ زیب ویزہ فراڈ میں ملوث پائے گئے ۔ 

چھاپہ مار کاروائیوں میں ملزمان سے مجموعی طور پر 9 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے ، ملزمان پاسپورٹ کے حوالے سے ایف آئی اے حکام کو تسلی بخش جواب نا دے سکے ۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ 

مزیدخبریں