ویب ڈیسک: پاکستان کے علاقے ہنزہ میں فلمائی گئی ویب سیریز پاکستان میں متنازع بن گئی ۔کیا یہ مزید نشر ہوگی؟ پیمرا کا ردعمل سامنے آگیا ۔
پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی تحریر کردہ اور بنائی گئی ویب سیریز ’برزخ‘ کو بھارتی پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے اور اس سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔سیریز ‘برزخ’ کی پوری کاسٹ میں پاکستانی اداکار شامل ہیں جن میں سرفہرست فواد خان اور صنم سعید ہیں، دونوں اداکاروں نے ’برزخ‘ کے ذریعے 12 سال بعد ایک ساتھ ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے۔
’برزخ‘ میں فواد خان اور صنم سعید نے سوتیلے بہن بھائی کا کردار ادا کیا ہے، 19 جولائی کو بھارتی یوٹیوب چینل ’زندگی‘ اور ’زی فائیو‘ پر ریلیز ہونے والی سیریز ‘برزخ’ کی پہلی اور دوسری قسط نے جہاں پاکستانی اور بھارتی مداحوں کے دل جیتے تو وہیں سیریز کی تیسری قسط دیکھ کر پاکستانی مداح غصے سے بھڑک اُٹھے۔اس کی اب تک چار اقساط نشر ہوچکی ہیں۔پانچویں قسط آج آئے گی ۔
‘برزخ’ کی تیسری قسط میں دو مرد کرداروں کے درمیان رومانوی مناظر اور رغبت دکھائی گئی تھی، اس کے علاوہ سیریز میں فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی ہے جس کے بعد سیریز پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
اب اس حوالے سے پیمراکا بھی بیان آگیا ہے، پیمرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ڈرامہ سیریز ’برزخ‘ آن لائن پلیٹ فارم پر نشر کی جارہی ہے، آن لائن اور سوشل میڈیا پر موجود مواد پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔پیمرا نے اپنے بیان نشاندہی کی کہ یہ ڈرامہ/ سیریز پیمرا کے لائسنس یافتہ کسی بھی سیٹیلائٹ چینل سے نشر نہیں کیا جارہا۔