دُر نایاب: لاہور میں سمن آباد گلشن راوی انڈر پاس کی تعمیر مکمل ہو گئی۔ نگراں وزیراعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے سمن آباد انڈر پاس کا افتتاح کر دیا۔
کچھ دیر بعد نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سمن آباد انڈر پاس کی سافٹ اوپننگ کر دی ہے۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سمن آباد گلشن راوی انڈر پاس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اس خوبصورت، جدید ترین اور باسہولت انڈر پاس کا افتتاح کر کے آج ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سمن آباد انڈر پاس کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، کھمبوں، سٹریٹ لائٹس اور لین کے نشانات کی تنصیب جیسے کام کو حتمی شکل دینے پر کارکن دن رات کام کر رہے ہیں۔
ابتدائی طور پر صرف انڈر پاس کو ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے، جبکہ سروس لین کو مکمل ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
افتتاح کے بعد وزیراعیٰ محسن نقوی نے حاضرین کے ہمراہ دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے انڈر پاس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور اس میں سفر بھی کیا۔
سمن آباد انڈر پاس کا افتتاح کرنے ے بعد نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر زیر تکمیل پروجیکٹس کو بھی اپنی ٹارگٹ ڈیٹس پرمکمل کر یں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے ان منصوبوں کی تکمیل میں کچھ مسئلہ آیا ہے لیکن ہم انہیں جلد از جلد مکمل کریں گے۔
جب ایک صحافی نے ان سے "محسن سپیڈ" کاحوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ماضی میں اتنی تیزی سے کام کرنے کی مثالیں کم ملتی ہیں، آپ برسات میں منصوبے مکمل کر رہے ہیں، آوٹ پُٹ دے رہے ہیں تو محسن نقوی نے کہا کہ یہ میری اکیلے کی کوئی چیز نہیں ہے، یہ ٹیم ایفرٹ ہے۔ یہ والے پروجیکٹس ہوں یا ہسپتالوں کے پروجیکٹس ہوں، یہ ٹیم ایفرٹ ہے۔
ایک صحافی نے میو ہسپتال میں گزشتہ دنوں فائرنگ کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کمپنی نے جتنے سکیورٹی گارڈ فراہم کرنا تھا اب تک وہ اتنے گارڈ فراہم نہیں کر رہی۔ وزیر اعلیٰ نے جواب میں کہا کہ ہم ان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں تو وہاں سے صرف پارکنگ ہٹانے میں جتنے مسئلے آ رہے ہیں کہ ہم آپ کو بتا نہیں سکتے، میں ایک ہاسپٹل گیا، میرے ساتھ پوری ٹیم تھی، لوگوں نے شکایت کہی کہ ہمیں یہاں سے اندر جانے کے لئے پیسے لیتے ہیں، سو دو سو روپیہ لیتے ہیں۔ (یہ سلسلہ ختم کروا دیا) میں پندرہ دن بعد پھر اس ہاسپٹل گیا تو وہاں پھر وہی لوگ پیسے لے رہے تھے۔ اتنے برے حالات ہیں۔
ایک صحافی کے استفسار پر نگراں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ داتا صاحب صاحب والی سڑک ون وے ہونا ہے، دعا کریں کہ داتا صاحب والی سڑک کی ایکسپینشن اچھی ہو جائے تو سارے لاہور والوں کو سہولت ہو جائے گی۔
پنجاب کی نگراں حکومت کے مستقبل کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم الیکشن کمشن کے ماتحت ہیں، الیکشن کمشن جس طرح کہے گا کریں گے۔