فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے پر نواز شریف کا رد عمل آ گیا

2 Aug, 2022 | 10:38 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سابق وزیراعظم نوازشریف بھی میدان میں آگئے ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم ن کے قائد نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی سب سے بڑی چوری سامنے آنے کے بعد عمران خان جیسے فتنے کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا ۔نوازشریف کا کہناتھا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈا لیکر پاکستان آیا تھا ، جتنی جلد ممکن ہو اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملکی سیاست، معیشت اور معاشرے کو تباہ کرکے رکھ دیا۔

 ان کا کہناتھا کہ ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی، اس کیس کی تفتیش اور کارروائی 8 سال تک ہوتی رہی ہے، الیکشن کمیشن کی 8 سالہ جدوجہد اور تفتیش کے بعد حقائق قوم کے سامنے آئے ہیں ۔نوازشریف کا مزید کہناتھا کہ پوری قوم کو دیانتدار اور ایماندار ہونے کا درس دینے والے عمران خان کا آج سب سے بڑا ڈاکہ، چوری اور منی لانڈرنگ ثابت ہوگئی، وہ کہتا تھا کہ تھوڑی سی منی لانڈرنگ کرلی تو کیا ہوگیا، اسے پتہ تھا کہ بڑی منی لانڈرنگ کر رکھی ہے، اسی لئے بار بار چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتا تھا۔

مزیدخبریں