عمران خان کو فوری طور پر نااہل قرار دینے کا مطالبہ

2 Aug, 2022 | 11:56 AM

ویب ڈیسک:صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر نااہل قرار دیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں پی ٹی آئی پر غیرقانونی فنڈنگ ثابت ہو جانے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہتھکنڈوں کے باوجود بالآخر 8 سال کے بعد ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ آگیا ہے، عمران نیازی اور ان کے حواریوں کی جانب سے شدید دباؤ کے باوجود الیکشن کمیشن نے بلا خوف اور آئین کے مطابق فیصلہ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان نے قوم سے دھوکا کیا، سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، عمران خان کو صادق اور امین کے جھوٹے سرٹیفکیٹ دیے گئے۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران نیازی کے بیان حلفی کو غلط قرار دے دیا ہے، عمران خان نے ناصرف قوم بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات سے کھیل کر اپنی جیبیں بھری ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا ہے۔

مزیدخبریں