اہم خبر؛پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آگیا

2 Aug, 2022 | 10:29 AM

ویب ڈیسک:پی ٹی آئی پرممنوعہ فنڈنگ کاالزام ثابت ہوگیا۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نےممنوعہ فنڈنگ وصول کی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا ہے، پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر نے پڑھ کر سنایا۔مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے تیرہ اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں دیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ متفقہ فیصلہ ہے، پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ممنوعہ فنڈز لیے گئے، فنڈ ریزنگ میں 34 غیر ملکی ڈونیشنز لی گئیں، امریکا، آسٹریلیا، یو اے ای سے عطیات لیے گئے، تحریکِ انصاف نے امریکی کاروباری شخصیت سے بھی فنڈز لیے، 13 نامعلوم اکاؤنٹ بھی سامنے آئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹ چھپانا آئین کی خلاف ورزی ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے فارم ون جمع کرایا جو غلط تھا، پارٹی اکاؤنٹس کے حوالے سے دیا گیا بیانِ حلفی جھوٹا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کو اس حوالے سے نوٹس بھی جاری کر دیا گیا۔پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جو 3 گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق مشاورت کی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کیخلاف فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں 8 سال زیر سماعت رہا، تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن میں کیس 14 نومبر 2014 کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں