فحش فلموں میں گرفتار راج کندرا کی اہلیہ شلپا شیٹھی نے خاموشی توڑ دی

2 Aug, 2021 | 07:05 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ  شلپا شیٹھی ان دنوں شوہر کی گرفتاری کی وجہ سے کافی پریشان ہیں، اپنی بے چینی اور خاموش رہنے کے بعد اداکارہ نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے اہم تحریری پوسٹ کردی۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا، فحش فلموں میں گرفتار شوہر راج کندرا اور اداکارہ کے اہلخانہ کو لوگوں کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے،اداکارہ نے شوہر کی گرفتاری کے بعد اپنے انسٹاگرام پر ایک طویل تحریری پوسٹ شیئر کی،فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر لکھا کہ ’گزشتہ چند دن ہمارے لیے بہت مشکل رہے، اس دوران ہمیں افواہوں اور الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میڈیا اور میرے چاہنے والوں سمیت کافی لوگوں نے مجھے اور میرے خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا’اس کیس سے متعلق میرا کوئی بھی موقف سامنے نہیں آیا اور میں اس معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز ہی کروں گی کیونکہ یہ کیس ابھی عدالت میں ہے۔‘

شلپا شیٹھی نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ جھوٹے بیانات کو ان سے منسوب کرنے سے باز رہیں،اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے ممبئی پولیس اور اپنی عدالتوں پر مکمل اعتبار ہے اور یقین ہے کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ضرور ملے گا۔‘

پوسٹ کے آخر میں انہوں نے درخواست کی کہ میڈیا اور مداح ان کی اور ان کے بچوں کی نجی زندگی کا احترام کریں، کوئی بھی بات تصدیق کے بغیر شیئر نہ کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی جانب سے راج کندرا کی ضمانت کی درخواست  مسترد کی گئی تھی، پولیس نے راج کندرا کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی  کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور کچھ ملزمان کے بیانات ریکارڈ کیے جانے بھی ابھی باقی ہیں اور اگر اس موقع  پر  راج کندرا کو ضمانت مل گئی تو ثبوت میں چھیڑ چھاڑ کی جاسکتی ہے۔

مزیدخبریں