میڈیا ٹائیکون روپرٹ مردوخ کے بیٹے لچلان مردوخ نے امریکا کی تاریخ کا مہنگا ترین گھر خرید لیا

2 Aug, 2021 | 02:33 PM

Suhail Ahmad

  ویب ڈیسک : شہر لاس اینجلس کے مہنگے ترین علاقے بیل ائیر اسٹیٹ میں واقع گھر چارٹ ویل کا سودا 150 ملین ڈالر میں ہوا ہے اور یہ گھرنیوز کارپوریشن کے شریک چئیرمین لچلان مردوخ نے خریدا ہے جو میڈیا ٹائیکون روپرٹ مردوخ کے بیٹے ہیں۔

۔یاد رہے فرانسیسی شاتو سٹائل کے بنے ہوئے اس گھر کی 2017 میں قیمت 350 ملین ڈالر لگائی گئی تھی ۔ فی الحال اسے امریکا کا دوسرا مہنگا ترین گھر قراردیا جارہا ہے ۔10 ایکڑ پر مشتمل چارٹ ویل کو1930 میں معروف آرچی ٹیکٹ سمر سپالڈنگ نے ڈیزائن کیا۔ اس گھر کو مختلف ٹی وی شوز کی ریکارڈنگ جیسے '' دی بیورلے ہل بلیز'' کے لئے بھی استعمال کیا جا چکا ہے۔گھر میں ایک 75 فٹ کا سوئمنگ پول ، ایک ٹینس کورٹ اور 40 گاڑیوں کی گنجائش والی کار گیلری اور متعددباغات شامل ہیں ۔

گھر کے سابق مالک ارب پتی جیرالڈ پیرنچیو کے لواحقین نے گھر کو جونئیر مردوخ کے ہاتھوں فروخت کیا ہے جیرالڈ پیرنچیو کا تعلق بھی میڈیا سے تھا اور وہ 2017 میں 86 سال کی عمر میں ا نتقال کرگئے تھے ۔ امریکاکی تاریخ کے معروف ترین ریسلنگ پروموٹر جیرالڈ پیرنچیو نے ہی محمدعلی باکسر اور جو فریزر کے درمیان تاریخی  باکسنگ میچ منعقد کرایا تھا۔

جبکہ موجودہ مالک نیوز کارپوریشن کے  شریک چئیرمین لچلان مردوخ ہیں جو وال سٹریٹ جرنل، نیویارک پوسٹ ، دی آسٹریلین نیوز یوکے ، فاکس نیوز سمیت متعدد اخبارات اور نیوزچینلز کے مالک ہیں۔

مزیدخبریں