سپریم کورٹ بار الیکشن، انتخابی سرگرمیاں عروج پر

2 Aug, 2021 | 11:10 AM

Arslan Sheikh

ملک اشرف: سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کی انتخابی سرگرمیاں عروج پکڑنے لگیں، سپریم کورٹ بار کےتین اہم عہدوں پر امیدواروں کی تعداد 8 ہوگئی ۔ صدارت کے عہدے پر 3, پنجاب سیٹ سے نائب صدر کے لئے 2 اور سیکرٹری کے لئے 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار کے صدارتی امیدواروں میں احسن بھون، سردار محمد لطیف کھوسہ اور حافظ عبدالرحمان انصاری جبکہ پنجاب سیٹ سے نائب صدر کےلئے خاور اکرام بھٹی اور چوہدری امتیاز کمبوہ کے درمیان ون ٹو مقابلہ ہوگا۔ سیکرٹری کے عہدے پر تین امیدوار وسیم ممتاز ملک، حماد اکبرولانہ اور قتدر اختر شبیر مد مقابل ہوں گے۔ صدر سپریم کورٹ بار کے عہدے کے لئے اصل جوڑ استاد اور شاگرد میں پڑے گا۔ احسن بھون ایڈووکیٹ سرادر محمد لطیف کھوسہ کے مقابلے میں صدرسپریم کورٹ بار الیکشن لڑرہے ہیں۔

وکالت میں سردار محمد لطیف کھوسہ استاد اور احسن بھون ان کے شاگرد رہ چکے ہیں، سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 30 اکتوبر کو ہوں گے۔ 32 سو  سے زائد ووٹرز وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے۔ حامد خان گروپ کی جانب سے سپریم کورٹ بار کی صدارت کے لئے سردار محمد لطیف کھوسہ امیدوار ہیں۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کی جانب سے احسن بھون سپریم کورٹ بار کی صدارت کے لئے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ دونوں گروپوں نے سپریم کورٹ بار انتخابات کے لیے ووٹرز وکلاء سے رابطے تیز کردئیے۔

عاصمہ جہانگیر گروپ کے نامزد صدارتی امیدوار احسن بھون کو ممبران پاکستان بار اعظم نذیر تارڈ، حفیظ الرحمان چوہدری، پیر مسعود چشتی، عابد ساقی، طاہر نصراللہ وڑائچ، سید قلب حسن سمیت دیگر وکلاء گروہوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ حامد خان گروپ کےصدارتی امیدوار سردار لطیف کھوسہ کو ممبران پاکستان بار شفقت محمود چوہان، اشتیاق اے خان، صدر ہائیکورٹ بار ایم مقصود بٹر، سابق صدر ہائیکورٹ بار رانا ضیاء عبدالرحمان، چویدری ذوالفقار، شمیم الرحممان، میاں عبدالقدوس سمیت دیگرز کی حمایت حاصل ہے۔ آزاد حیثیت میں صدارت کے انتخاب میں حصہ لینے والے حافظ عبدالرحمان انصاری کوبھی کئی سینئر وکلاء کی حمایت حاصل ہے۔ 

مزیدخبریں