سعود بٹ : عید کا دوسرا روز اور زندہ دلان لاہور نے ناشتہ پوائنٹس کا رخ کرلیا،ناشتہ پوائنٹس پر شہریوں کا رش لگ گیا۔
تفصیلات کے مطابق عید کا دوسرا روز اور زندہ دلان لاہور نے ناشتہ پوائنٹس کا رخ کرلیا، عیدالاضحی کےدوسرے روز ناشتہ کی دکانوں پر لاہوریوں کا رش دیکھنے میں آیا،، اچھرہ کی مشہور صادق حلوہ پوری پر شہری ناشتہ کی خریداری میں مصروف نظر آئے، خریداروں کا کہنا تھا کل قربانی کا عمل مکمل کیا، آج مزے کا ناشتہ کرنے کا وقت ہے۔
خریداروں کا مزید کہنا ہے کہ صادق کی آٹا پوری اور میدہ پوری کا ذائقہ منفرد ہے، صادق حلوہ پوری کے سی او حیدر علی کا کہنا تھا کہ شہریوں کیلئے حلوہ پوری کے علاوہ چکن کچوری اور میٹھا پورہ بھی فروخت کر رہے ہیں، شہریوں کو ناشتہ صرف پیک کر کے دے رہے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہےکہ جلد ڈائن ان کی اجازت دیں۔ شہریوں نے حکومت سےمطالبہ کیا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کراتےہوئے ریستوران میں ڈائن ان کی اجازت دی جائے۔
ملک بھر سمیت لاہور میں بھی عید کے دوسرے دن قربانی کا سلسلہ جاری ہے، عید کے پہلے روز جو لوگ قربانی نہیں کر پائے آج دوسرے دن وہ سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی میں مصروف ہیں، قربانی کے ساتھ ساتھ چٹ پٹے پکوان بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔ جو لوگ قربانی سے فارغ ہوچکے ہیں وہ گوشت کی تقسیم میں مصروف ہیں جبکہ خواتین اس گوشت کو محفوظ کرنے یا پھر طرح طرح کے پکوانوں کے ذریعے اپنے دستر خوان کی شان بڑھا رہی ہیں۔