چھوٹے تاجروں کیلئے فکس ٹیکس سکیم کا مسودہ پیش

2 Aug, 2019 | 04:27 PM

Sughra Afzal

(شہزاد خان) چھوٹے تاجروں کیلئے بالآخر حکومت نے فکس ٹیکس سکیم کا مسودہ پیش کردیا، فکس ٹیکس مسودے کے مطابق 2020 میں تاجر 5 سے 10 ہزار روپے بڑھا کر ٹیکس دیں گے۔

 حکومت نےچھوٹے تاجروں کیلئےبلآخر فکس ٹیکس کا مسودہ پیش کر کے تاجروں اورعام شہریوں سے تجاویز طلب کرلیں، جس کے مطابق اے کٹیگری میں 150 سے 300 سکوائر فٹ رقبے پر کاروبار کرنے والے تاجر 35 سے 40 ہزار اور دیگر کٹیگریز میں 150 سے300سکوائر فٹ تک کاروبار کرنے والے تاجران 20 سے 25 ہزار ٹیکس دیں گے۔

حکومت کے پیش کردہ فکس ٹیکس مسودے کے مطابق جیولرز، ہول سیلرز، وئیر ہاؤسز، چین آف سٹورز کیساتھ کام کرنے اور ایئرکنڈیشن، ڈیبٹ کارڈ مشین رکھنے والے ریٹلرز فکس ٹیکس سکیم میں شامل نہیں ہونگے۔

اسی طرح تین لاکھ سالانہ بجلی کا بل دینے والے تاجر بھی فکس ٹیکس سکیم کا حصہ نہیں ہونگے، فکس ٹیکس دینے والے تاجروں کا ایف بی آر حکام کی اجازت اور تاجر تنظیم کے نوٹس میں لائے بغیر آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔

فکس ٹیکس مسودے کے مطابق 2020 میں تاجر 5 سے 10 ہزار روپے بڑھا کر ٹیکس دیں گے، 2020 کے بعد چھوٹے تاجروں کیساتھ کیا ہوگا واضح نہیں کیا گیا، مسودہ تاجروں اور شہریوں کی تجاویز لینے کے بعد وفاقی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش ہوگا۔

دوسری جانب انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے لاہور پریس کلب میں کانفرنس کرتے ہوئے  فکس ٹیکس سکیم کا مسودہ  پھاڑ دیا، انہوں نے کہا کہ زمینی رقبے کے حساب سے فکس ٹیکس کے نفاذ کو نہیں مانتے،  حکومت نے سموسے پکوڑے والوں کیلئے فکس ٹیکس سکیم دی ہے ۔

انجمن تاجران  نعیم میر گروپ نے فکس ٹیکس کا سکیم کا مسودہ مسترد کرتے ہوئے 4 روزہ ہڑتال پر ڈٹے رہنے کا اعلان کردیا۔

مزیدخبریں