ویب ڈیسک :پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تھیٹرز مالکان معاہدے کے مطابق تھیٹرز کو چلانے کے پابند ہیں، جو خلاف ورزی کرینگے انھیں تھیٹر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تھیٹرز کے نام پر کسی کو فحاشی اور بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تھیٹرز مالکان عید پر شہریوں کو اچھی اور معیاری تفریح فراہم کریں، غیرقانونی اور بغیر لائسنس کسی کوتھیٹرز چلانے کی اجازت نہیں، جو غیرقانونی، بغیر لائسنس تھیٹرز چلائے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، جلد خود بھی مختلف اضلاع کے تھیٹرز کے سرپرائز وزٹ کروں گی۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نہ دہشتگرد چھٹی کرتے ہیں اور نہ حکومت کر سکتی ہے، ڈی جی خان کے علاقے میں دہشتگردوں نے حملہ کیا جہاں ہمارا بارڈر خیبر پختونخوا کے ساتھ ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 20 سے 25 دہشتگردوں نے حملہ کیا جن میں سے 2 مارے گئے، دہشتگردوں کا مقصد پنجاب کے حالات کو خراب کرنا تھا، زخمی دہشتگرد لاشیں اٹھا کر بھاگیں ہیں، شر پسندوں نے راکٹ لانچر بھی چلائے ہیں لیکن پولیس نے بہادری سے بڑے حملے کو ناکام بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈی جی خان میں پولیس کیلیے بنکرز بنائے، ڈی جی خان میں ہونے والا یہ 31واں حملہ تھا، یہاں پر خیبر پختونخوا سے حملے ہوتے ہیں، مریم نواز نے سی ٹی ڈی اور پولیس کو ویل ایکوئٹ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے شواہد ملے ہیں، خیبر پختونخوا خود دہشتگردی کا شکار ہے علی امین گنڈاپور نے کبھی امن و امان پر بریفنگ نہیں لی، عجیب اتفاق ہے کبھی پی ٹی آئی والوں پر کوئی تھریٹ الرٹ نہیں آتا، پی ٹی آئی والے طالبان کے بھائی ہیں تب ہی ان کے خلاف کچھ بولتے بھی نہیں۔