سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔
شہر لاہور میں حالیہ دنوں میں سورج کی تیز کرنوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ,زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 174 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ آلودگی کی شرح میں نمایاں اضافے سے اڈا پلاٹ 219، ڈی ایچ اے میں 208، ویلنشیا ٹاؤن میں 198 اور زکی فارم ہاؤس میں 196 ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ صورتحال شہریوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث سانس کی بیماریاں، آنکھوں میں جلن اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
کراچی میں آج عید کے تیسرےدن بھی موسم گرم ہے، ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں ہلکی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے۔