سٹی42: بھارتی کرکٹ بورڈ بھارت میں لوک سبھا کے اہم انتخابات کے لئے مختصر انتخابی مہم کی طرف سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے آلہ کار بننے کے بعد انتخابی مہم کے دوران لانچ کی گئی انڈین پریمیئر لیگ کو بھی نہ سنبھال سکا۔ آئی پی ایل شروع کرنے کے ایک ہفتے بعد حکام کو ملک میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے دو میچ ری شیڈول کرنا یاد آ گیا جس سے چار ٹیموں اور ان کے مداحوں کو شدید پریشانی ہوئی ہے۔
بھارت کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے تجویز کی گئی شیڈول چینج کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور راجستھان رائلز کا میچ سترہ اپریل کے بجائے ایک روز پہلے ہو گا، جبکہ گجرات ٹائٹنز کا دہلی کیپٹلز کا مقابلہ سولہ کے بجائے سترہ اپریل کو ہو گا۔
میچوں کا شیڈول بدلنے کا بہانہ سیکورٹی کو بنایا گیا ہے۔ بھارت کی بعض ریاستوں مین لوک سبھا کا الیکشن 19 اپریل کو ہو رہا ہے۔ آئی پی ایل کے الیکشن کیمپین کے دوران شروع ہونے کا سب سے زیادہ نقصان اپوزیشن پارٹیوں کو ہوا ہے جنہیں ائیر ٹائم میں کمی کی شکایات ہیں کیونکہ کافی ائیر ٹائم آئی پی ایل کے میچ لے رہے ہیں وہ بھی عین پرائم ٹائم میں جبکہ سیاست پر توجہ دینے کی بجائے ووٹر آئی پی ایل کے میچوں پر توجہ دینے پر مجبور ہیں کیونکہ اس کی ان کو عادت ہے۔