(ویب ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عمرایوب کی بطور اپوزیشن لیڈر منظوری دیدی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہوگیا، اسپیکرایازصادق نےعمرایوب کی درخواست کی تصدیق کرلی، اسپیکر نے تسلی کے بعد عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کردیا۔
خیال رہے کہ عمرایوب قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے آزاد ارکان کے اپوزیشن لیڈرہونگے کیونکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کے ارکان ماننے سے بھی انکار کر دیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آزاد ارکان کو تحریک انصاف کا حمایت یافتہ تسلیم کرلیا، سرکاری دستاویز میں آزاد ارکان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ قرار دیا گیا, پشاور ہائیکورٹ فیصلے کی روشنی میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونا تسلیم نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمرایوب کا کہنا تھا کہ میں اپنے وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں ،میں بیرسٹر گوہر عامر ڈوگر اور اپوزیشن ارکان کا شکر گزار ہوں ، بندہ نا چیز کو اپوزیشن لیڈر منتخب کر لیا ہے انہوں نے مجھے اہل سمجھا ،اسپیکر نے سکرونٹی کرنے کے بعد نوٹیفائی کر لیا ہے ۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ میں آئے ہیں پاکستان کی عوام کی نمائندگی کرنے کیلئے اور سب سے اہم بات یہی ہے کہ ہمارا سٹینڈ ہے جو پہلے دن تھا،یہاں بیساکھیوں کے ذریعے لوگوں کو یہاں لایا گیا جس کو ہم ریجیکٹ کرتے ہیں،ہم پاکستان کی عوام کو جو مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اورئیرنس دیں گے،حکومت کی غلط اکنامک پالیسی سامنے لائیں گے۔
علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے ارکان بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب اور ملک محمد عامر ڈوگر نے ملاقات کی،ملاقات میں قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائد حزب اختلاف کیلئے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا،سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کر دیا۔
عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی اکثریت کی طرف سے پیش کیا گیا تھا،اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کیلئے کاغذات جمع کرنے کا وقت کل مورخہ یکم اپریل 2024 کو شام 6 بجے تک تھا،
مقرر وقت تک کسی دوسرے امیدوار کے کاغذات موصول نہیں ہوئے۔