لیگی رہنما پرویز رشید اور سینیٹر عرفان صدیقی لندن پہنچ گئے

2 Apr, 2023 | 08:32 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما پرویز رشید اور سینیٹر عرفان صدیقی لندن پہنچ گئے ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے دونوں رہنماؤں کو ہنگامی طور پر طلب کیا تھا ، دونوں رہنما لندن پہنچ گئے ہیں جہاں بڑی مشاورت کا آغاز ہوگا،کل سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے پر مسلم لیگ ن نے دو ٹوک موقف اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

 یاد رہے کہ پنجاب اورکے پی کے انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کل ہو گی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا۔

 حکومتی اتحاد کی 3 جماعتوں نے موجودہ بنچ پر اعتراض عائد کرنے کافیصلہ کیاہے،اٹارنی جنرل اور سیاسی جماعتوں کے وکلا کل بنچ پر اعتراضات اٹھائیں گے ،حکومت میں شامل جماعتیں چیف جسٹس پاکستان سے فل کورٹ بنانے کی استدعا کریں گی ،فل کورٹ کی استدعا مسترد ہونے پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

 چیف جسٹس پاکستان کے اختیارات کیلئے فل کورٹ بلانے کیلئے مختلف فیصلے جاری کئے گئے ،جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس امین الدین خان پہلے ہی بنچ سے علیحدہ ہو چکے ہیں ،جسٹس جمال مندوخیل نے فل کورٹ بنائے جانے کی صورت میں کیس سننے پر رضا مندی ظاہر کررکھی ہے۔

 تحریک انصاف نے موجودہ بنچ پر مکمل اعتماد کرنے کا اعلان کیا تھا،عمران خان کاکہناہے انہیں موجودہ بنچ یا فل کورٹ کے مقدمہ سننے پر کوئی اعتراض نہیں ، پی ٹی آئی نے پنجاب کے انتخابات8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

مزیدخبریں