ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر کے بعد ملتوی ،نئےوزیراعلی کا انتخاب اتوار کوہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے گورنر پنجاب نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد آج اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کا عمل شروع کردیا گیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کل 3 اپریل کا دن مقرر کیا ہے۔اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس کل دن ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کیا ہے جس میں وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا۔
شیڈول کے مطابق امیدوار خود یا ان کے تجویز اور تائید کنندہ کاغذات نامزدگی حاصل کرکے شام 5 بجے سے پہلے جمع کراسکتے ہیں، اس کے بعد اسکروٹنی کا عمل ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے اجلاس کے دوران چار پینل آف چئیرمین کے ناموں کااعلان کر دیا، پینل آف چئیرمین میں میاں شفیع محمد ، نوابزادہ وسیم بادوزئی ، محمد عبداللہ وڑائچ اور شازیہ عابد شامل ہیں۔
اسپیکرچوہدری پرویزالہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3گھنٹے کی تاخیرسے شروع ہوا۔ سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ایوان میں آمد کے بعد ایوان میں اپوزیشن اورحکومتی ارکان کی نعرے بازی سے ایوان مچھلی بازار بن گیا۔
مسلم لیگ ن کے ارکان نے الوداع الوداع بزدار الوداع اورشیرشیرکے نعرے لگائے۔حکومتی بینچوں کی جانب سے شیم شیم اورگیدڑ گیدڑ کے نعرے لگائے۔ حکومت کی خواتین ارکان نے ڈیسک بجائے اورچیری بلاسم کے نعرے لگائے۔
واضح رہےکہ حمزہ شہباز متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں جب کہ وزیراعظم نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا ہے۔