(مانیٹرنگ ڈیسک)آریان خان منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا آزاد گواہ پربھاکر سائل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
پربھاکر سائل کے وکیل تشار کھنڈارے نے میڈیا کو بتایا کہ منشیات کیس کے آزاد گواہ پربھاکر سائل کو ان کی رہائش گاہ پر دل کا شدید دورہ پڑا جس کے باعث وہ جمعے کو چل بسا, پربھاکر کی عمر 36 برس تھی، پربھاکر سائل آریان منشیات کیس کے ایک اور گواہ کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ تھا، پربھاکر سائل نے اس وقت میڈیا کی توجہ حاصل کی جب اس نے اپنے حلفیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے آریان خان کی رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا، یہ معاملہ 18 کروڑ میں فائنل ہونا تھا جس میں سے 8 کروڑ روپے مبینہ طور پر این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کو ادا کیے جانے تھے اور باقی 10 کروڑ آپس میں بانٹنے کی بات ہورہی تھی۔
اس کے علاوہ پربھاکر سائل نے یہ بھی کہا تھا کہ این سی بی نے اس سے خالی کاغذات (پنچ نامے) پر سائن کرنے کے لیے کہاتھا۔ ڈی سی پی زون ون کے سامنے ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں سائل نے کہا تھا کہ اس نے شاہ رخ خان کی مینجر پوجا دادلانی سے بھی بات چیت کی تھی۔ان الزامات کے بعد این سی بی نے انکوائری شروع کی تھی اور وانکھیڑے نے ان تمام الزامات سے انکار کیا تھا۔
واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس بیورو نے گزشتہ برس 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر موجود ایک بحری جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر اچانک چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں منشیات برآمد کی تھی اور منشیات استعمال کرنے کے جرم میں کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا تھاجس میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی شامل تھا، آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 26 روز تک قید رہے، بعد ازاں 28 اکتوبر کو بومبے ہائی کورٹ نے آریان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔