معافی مانگنے کے بعد ول اسمتھ اکیڈمی سےبھی مستعفی

2 Apr, 2022 | 10:36 AM

ویب ڈیسک:امریکی اداکار ول اسمتھ کی جانب سے اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹ اینڈ سائنسز سے استعفیٰ دے دیا گیا۔

  ول اسمتھ نے اکیڈمی ایوارڈ کے سلسلے میں ہونے والی 94ویں تقریب، آسکر 2022ء کی براہ راست نشریات کے دوران کامیڈین کرس راک کو مکا مارا تھا، اس نا مناسب رویئے کے سبب ول اسمتھ نے اکیڈمی ایوارڈ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ول اسمتھ کا اپنے اس رویئے سے متعلق کہنا ہے کہ اُن کا کرس راک کو مکا مارنے کا عمل ’چونکانے والا، دردناک اور ناقابل معافی ہے۔‘

اُن کا کہنا ہے کہ ’میں نے اکیڈمی کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا ہے، میں نے آسکر کے لیے نامزد دوسرے  فاتحین کو شاندار شام کا  جشن منانے کے موقع سے محروم کر دیا، میرے اس عمل سے دل ٹوٹ گیا ہے۔‘

ول اسمتھ کا استعفیٰ دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’لہٰذا، میں اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اور اکیڈمی کے بورڈ کی جانب سے میرے خلاف سامنے آنے والے مزید نتائج کو قبول کروں گا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار آسکر ایوارڈ کی تقریب میں اداکار ول اسمتھ کرس راک کی جانب سے اہلیہ، اداکارہ جاڈا پینکٹ اسمتھ کے گنج پن کا مذاق اڑانے پر اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے تھے، کرس راک کے مذاق کے جواب میں اسمتھ نے اپنی کرسی سے اُٹھ کر اسٹیج پر کھڑے کرس راک کو بھرے ہال کے سامنے مکا جڑ دیا تھا۔

مزیدخبریں