عدم اعتماد ووٹنگ کے دن ریڈ زون کی سیکیورٹی فول پروف کرنے کا فیصلہ

2 Apr, 2022 | 09:30 AM

ویب ڈیسک :وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ والے دن ریڈ زون میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے حتمی سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت وزیر داخلہ شیخ رشید کریں گے۔

ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ووٹنگ والے دن کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون داخلہ کے لئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں پر تھری لیئرذ کنٹینرز  نصب کئے جائیں گے۔

حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کو راولپنڈی سے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کو بھی اسلام آباد نہیں جانے دیا جائے گا اور اس دن دو مختلف شفٹوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہکیے جائیں گے۔

سیکیورٹی کے لئے تین ہزار اہلکار پنجاب پولیس، ایک ہزار ایف سی پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں آج سے آنے والے وزٹرز کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ اراکین اسمبلی کے ساتھ غیر ضروری افراد کو لانے سے روکنے کے لئے اسپیکر اسمبلی سے گذارش کی جائے گی۔پولیس حکام کا کہنا ہے  کہ احتجاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرامد ہوگا۔

مزیدخبریں