شہزاد خان ابدالی: موٹر سائیکل کی سواری عوام پہ بھاری پڑ گئی، ہنڈا کے بعد یاماہا نے بھی قیمتوں میں 6 سے 7 ہزار روپے اضافہ کر دیا۔ ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کے باوجود موٹرسائیکلیں مہنگی کرنے پر شہری سیخ پا، حکومت کو مافیا کے آگے بے بس قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی سواری موٹرسائیکل بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی ہے۔ جاپانی کمپنی یاماہا نے مختلف ماڈلز کی قیمت میں سات ہزار روپے تک اضافہ کر دیا۔ یاماہا ون ٹو فائیو زی کی قیمت چھ ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 69 ہزار روپے ہو گئی۔
وائے بی ون ٹو فائیو زی ڈی ایکس کی قیمت سات ہزار بڑھا کے ایک لاکھ 82 ہزار پانچ سو روپے کر دی گئی جبکہ وائے بی آر ون ٹو فائیو جی کی قیمت سات ہزار اضافے سے دو لاکھ کے قریب پہنچا دی گئی۔ قیمتوں میں اضافے پر ڈیلرز بھی سر پکڑ کے بیٹھ گئے ہیں جو کورونا وبا کے باعث کاروبار نہ ہونے سے پہلے ہی پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے تو مہنگے ڈالر کو جواز بنا کے قیمتیں بڑھائی جاتی تھیں۔ رواں سال ڈالر کی قیمت میں چودہ روپے گراوٹ کے باوجود موٹرسائیکلیں مہنگی کرنا سمجھ سے باہر ہے۔
قبل ازیں ہنڈا نے سی ڈی 70 اور 125 سی سی ون ٹو فایئو کی قیمتیں 16 سو تک بڑھا دیں۔ ہنڈا سی ڈی 70 بیاسی ہزار نو سو روپے میں شہریوں کو ملے گی جبکہ ہنڈا 125 سی سی شہریوں کو 1 لاکھ 36 ہزار 500 روپے میں مل سکے گا۔