تبدیلی آگئی، لاہور پولیس نے غیرملکی باشندے کی رشوت کو ٹھکرا دیا

2 Apr, 2021 | 07:58 PM

Arslan Sheikh

حسن خالد: کیا واقعی لاہور پولیس بدل گئی، رشوت کی پیشکش پر شیرا کوٹ پولیس نے غیر ملکی باشندے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ نائجیریا کے باشندے نے منشیات فروشی میں گرفتارعزیزوں کو چھڑوانے کیلئے 4 لاکھ روپے رشوت کی پیشکش کی تھی، ملزم کو حوالات میں بند کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم جونز مدوا باچی نائیجیریا کا رہائشی ہے۔ گزشتہ روز گرفتار کئے گئے غیر ملکی منشیات فروشوں کی رہائی کے عوض رشوت کی پیشکش کی گئی۔ ملزم نے منشیات فروش ملزموں اپنے بھائی اور بہن کو چھڑوانے کیلئے ایس ایچ او شیراکوٹ زاہد محمود گجر کو رشوت کی پیشکش کی۔

ملزم نے گرفتاری پر بھی مزاحمت کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ایس پی اقبال ٹاؤن اویس شفیق کا کہنا تھا کہ رشوت کی پیشکش، کار سرکار میں مداخلت اور سنگین نتائج کی دھمکیوں پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب قلعہ گجر سنگھ پولیس نے آن لائن پتنگیں فروخت کرنے والا 6 رکنی بین الاضلاعی گروہ گرفتار کر لیا۔ ایس پی سول لائنز صفدر رضا کاظمی کے مطابق گرفتار ملزم آن لائن آرڈر لے کر لاہور اور مختلف اضلاع میں پتنگیں فروخت کرتے تھے۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق پتنگ فروشوں کے قبضہ سے 600 تیار پتنگیں متعدد کیمیکل دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔

ملزمان کے قبضہ سے پتنگیں تیار کرنے والے آلات، بانسی تیلے، گڈی پیپر اور پتنگیں تیار کرنے والے سانچے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ایس پی سول لائنز کا کہنا تھا کہ پتنگ ساز اور اس کی خرید و فروخت کرنے والے قانون کے شکنجے سے ہرگز نہ بچ سکیں گے۔  

مزیدخبریں