(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کو کورونا کی تیسری لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، بالی وڈ کے کئی فلمسٹار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، اب تک بھارت میں کورونا سے 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، کورونا وئرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 23 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کر گئی, اس وقت بھارت میں کورونا کی مقامی سطح پر تیار کردہ دو کورونا ویکسین لگانے کی مہم زور و شور سے جاری ہے اور پانچ کروڑ 46 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو لگائی جاچکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ بھی کورونا وائر س کا شکار ہوگئیں، عالیہ بھٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کیاطلاع دی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا، میں ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق تمام حفاظتی تدابیر اختیار کررہی ہوں، آپ کی محبت اور تعاون پر شکر گزار ہوں، برائے مہربانی محفوظ رہیں اور خیال رکھیں۔
دوسری جانب فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سِنی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی سی) کے جنرل سیکرٹری اشوک کا کہنا ہے کہ فلم گنگو بائی کی مرکزی اداکارہ عالیہ بھٹ میں کورونا کی تصدیق کے بعد فلم کی شوٹنگ بھی روک دی گئی۔