کینال روڈ (زین مدنی) 2017 میں شوبز کو خیرباد کہہ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کرنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے پہلی نعت ریلیز کردی۔
نور بخاری نے گلوکار ولی حامد سے طلاق کے بعد شوبز کو خیرباد کہا تھا اور وہ گزشتہ کافی عرصے سے حجاب کے ساتھ تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی دکھائی دیں.
دو ماہ قبل فروری میں نور بخاری کو فیشن ایبل حجاب پہنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا، تاہم انہوں نے مداحوں کی تنقید کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کہا تھاکہ وہ خدا کے سامنے اپنا حساب دیں گی اور لوگ اپنی فکر کریں، لوگوں کی تنقید سے کبھی نہ گھبرانے والی سابق اداکارہ نے اب اپنی پہلی نعت کی ویڈیو جاری کردی۔
نور بخاری نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی نعت کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اپنی لکھی ہوئی نعت کو اپنی آواز میں جاری کردیا۔
نور بخاری نے یوٹیوب پر 'میرے کملی والےۖ کی شان' کے عنوان سے نعت جاری کی، جس میں انہیں سفید رنگ کے حجاب کے ساتھ انتہائی عقیدت میں نعت پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔