( اکمل سومرو ) کیمبرج سکول سسٹم کا بغیر امتحانات کے طلباء کو اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کی پالیسی کا اعلان، طلباء کی گریڈنگ کلاس ورک، اسائنمنٹس اور امتحانات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی۔
کیمبرج انٹرنیشنل سسٹم کی پالیسی کے مطابق طلباء کو بغیرامتحان کے پاس کر کے اگلی کلاسوں میں ترقی دی جائے گی۔ اس ضمن میں کیمبرج انتظامیہ نے سکولوں سے بچوں کا متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
کیمبرج سکول سسٹم نے پرائیویٹ امیدواروں کو بھی بغیر امتحان کے پاس کرنے کی پالیسی جاری کی ہے، جس میں پرائیویٹ امیدواروں سے اگلی جماعت میں ترقی دینے کے شوائد طلب کیے گئے ہیں۔
پرائیویٹ امیدواروں سے سکولوں کے طلبہ والا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، کسی سینٹر میں نہ پڑھنے والے طلبہ کی گریڈنگ کے وقت احتیاط برتی جائے گی۔
امیدواروں کے سابقہ سکول سے ملنے والے شواہد بھی قابل قبول ہوں گے۔ کیمبرج انتظامیہ نے کہا ہے کہ بچوں کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے ان کے ٹیوٹر کی گواہی بھی لی جائے گی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ لاہور میں مزید 21 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، مبتلا مریضوں کی تعداد 199، پانچ جاں بحق اور پنجاب بھر میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ صوبے میں کورونا پازیٹو 914 ہوگئےاور اب تک 11 اموات ریکارڈ ہوئیں۔