ڈاکٹروں کیلئے بُری خبر، ایک ہفتہ ڈیوٹی دینے پر 2 ہفتے چھٹی کا اعلان واپس

2 Apr, 2020 | 09:47 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ (زاہد چودھری) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے کورونا وارڈز میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز اور نرسز کو ایک ہفتہ ڈیوٹی دینے پر دو ہفتے کی رخصت کا اعلان واپس لے لیا، ٹیچنگ ہسپتالوں کی جانب سے فیصلے پراعتراض پر نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

  محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی جانب سے ہوم ورک مکمل کئے بغیر ہی4 روز قبل ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال پرمامور ڈاکٹرز ، نرسز اور عملے کی ڈیوٹی روزانہ چھ گھنٹے کرنے اور ایک ہفتہ ڈیوٹی دینے پر دو ہفتے کی رخصت دینے کا بڑا اعلان کیا گیا، تاہم ٹیچنگ ہسپتالوں کی جانب سے اب فیصلے کو ناقابل عمل قرار دیدیا گیا اور بتایا گیا کہ اس اقدام سے چند روز میں ہی ہیومن ریسورس کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑے گا اور6 گھنٹے کی ڈیوٹی دینے سے زیادہ ڈاکٹرز اور نرسز کو کورونا وارڈز میں مامور کیا جائے گا، جس سے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور نرسز کو مرض لاحق ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔

 حقائق سامنے آنے پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے چار روز بعد ہی ایک ہفتہ ڈیوٹی کرنے والوں کو دو ہفتے کی چھٹی دینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے، اب کورونا وارڈ میں ڈیوٹی کا دورانیہ بھی ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ طے کرے گی اور یہ تمام تر معاملہ اب ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا ہے.

واضح رہےکہ کورونا وائرس  دنیا بھر کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس سے  9 لاکھ سے زائد  افراد متاثر  جبکہ 47 ہزار سےزائد افراد موت کے منہ میں چلے گئے،  ایک لاکھ 94 ہزار کے قریب لوگ صحتیاب ہوچکے،  34 ہزار  افراد زندگی وموت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

پاکستان میں  کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد 2038تک جاپہنچی جبکہ اب تک وبا سے 31 افراد انتقال کرچکے ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کے 845 کنفرم مریض اور 11 اموات ہوئی ہیں جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے۔

مزیدخبریں