(شاہد ندیم سپرا) دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نےپاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے ،اب تک ملک بھر میں2038 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں نمازیوں اور طلبہ کی صحت کے تحفظ کیلئے تمام مساجد اور مدارس میں جراثیم کش ادویات کا سپر ے کیا جائے گا، اس سلسلہ میں متعلقہ ادارے فوری طور پر لائحہ عمل تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ عوام اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ کیلئے بلاضرورت گھر سے باہر آنے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو ہر صورت میں محدود رکھیں ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام نے پاکیزگی اور طہارت کو نصف ایمان کا درجہ دیا ہوا ہے، حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، احتیاطی تدابیر قطعی طور پر توکل علی اللہ کے خلاف نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ حکومت اور بالخصوس محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں۔