(زین مدنی )معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے لاک ڈاﺅن کے دوران والدین کو بچوںکوموبائل اور ٹی وی سے دور کرکے صحت مندسرگرمیوں میں حصہ لینے کی نصیحت کی ہے۔
ثروت گیلانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ وہ بھی ان دنوں بیشتر پاکستانیوں کی طرح گھر میں وقت گزار رہی ہیں لیکن انہوں نے اپنا یہ وقت قیمتی بنادیا ہے۔ اداکارہ نہ صرف اپنے بچوں کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرکے دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دے رہی ہیں۔ثروت گیلانی کے مطابق آرٹ کے لیے گھر ہی مناسب مقام ہے، اسمارٹ فونز، ویڈیو گیمز اور گیجٹز کے اس دور میں وہ اپنے بچوں کو رنگوں سے متعلق کھیل سکھاتی ہیں اور ساتھ ساتھ مفید ٹپس بھی دیتی رہتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اس کے لیے گھر میں موجود فالتو سامان، سی ڈیز، کلر پیپرز وغیرہ استعمال کرتی ہیں، وہ اپنے بچوں کو پلانٹنگ کی بھی ترغیب دیتی ہیں۔ ثروت گیلانی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں انہوں نے ایک گملے میں پیاز بھی دبائی ہے، جس سے جلد پودا نکلے گا۔ ایک دلچسپ ویڈیو میں انہوں نے اپنے بیٹے کو نصیحت کی کہ سارا کام کرکے کچرا بھی خود اٹھانا چاہیے۔