( علی اکبر ) حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ، پیپلزپارٹی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف علم بلند کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں احتجاجاً سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہونے کا اعلان کردیا۔
پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بھر پور احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر نااہل حکومت کے نااہل وزیر خزانہ ہیں۔ قوم کو یاد ہے جب عمران خان کہتے تھے کہ اگر مہنگائی بڑھے تو سمجھ لیں حکمران چور ہیں۔ آج اپنے بارے میں عمران خان کا کیا خیال ہے۔
پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ مہنگائی کے ہاتھوں پستی عوام سڑکوں پر نکلنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی اسمبلیوں کے اندر اور باہر عوام کی ترجمانی کرے گی۔
سید حسن مرتضی کا مزید کہنا تھا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں نہیں تو عوام ان کے ہوش ٹھکانے لگا دیں گے۔ حکمرانوں نے 8 ماہ میں پاکستان میں مہنگائی کے سارے پچھلے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔