ناصرعلی:شالیمار کے علاقہ میں لیسکو عملے نے ڈیپارٹمنٹل سٹور کے تمام میٹر کاٹ کر غیر قانونی انڈسٹریل میٹر لگادیا، سٹور کے مالک نے الزام لگایا ہے کہ 15لاکھ بٹورے کے باوجود نہ ڈیمانڈ نوٹ دیا اور نہ ہی اب تک کو ئی بل موصول ہو ا۔
تفصیلات کے مطابق سکھ نہر سکیم میں قائم ڈیپارٹمنٹل سٹور کے مالک علی اور دیگر نے رات گئے سٹور کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور لیسکو حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
سٹور کے مالک علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ڈیپارٹمنٹل سٹور پر 3 سنگل فیز اور ایک 3 فیز میٹر لگا ہوا تھا۔ مقامی ایس ڈی او عظیم بٹ اور لائن سپرنٹنڈنٹ شہزاد جاوید نے غیرقانونی طور پر ان کے میٹر کاٹ دئیے اور کہا کہ انڈسٹریل میٹر لگواؤ جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔ علی نے الزام عائد کیا کہ ایس ڈی او اور لائن سپرنٹنڈنٹ کو 15 لاکھ 52 ہزار روپے ادا کئے لیکن آج تک نہ تو کوئی ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی کوئی بل موصول ہو رہا ہے۔
یہ بھی ضرور پڑھیں:پان کی درآمد میں خوردبرد، قومی خزانہ کو ایک ارب کا چونا
علاوہ ازیں ایس ڈی او کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ بل کا کیا کرنا ہے۔ بس بجلی استعمال کرتے رہو۔ صارف علی نے لیسکو حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے.