ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، یہ دہشت گرد ہیں، انہیں ناراض بلوچ نہ کہا جائے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، دہشت گرد معصوم شہریوں پر حملے کرتے ہیں،
دہشت گرد کی کوئی قوم اور قبیلہ نہیں، دہشت گرد پاکستانیوں کو شہید کررہے ہیں، پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، دکھ کی گھڑی میں ہمارے دل شہدا کے ورثا کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اس مقدس خون کا بدلہ ضرور لیا جائے۔ یہ دہشت گرد ہیں، انہیں ناراض بلوچ نہ کہا جائے۔ دہشت گرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں، ہارڈ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پنجابیوں کا نہیں پاکستان کا خون بہایا ہے ، قوم پرستی کے نام پر یہ دہشت گرد پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ۔ بلوچستان حکومت فورسز سے ملکر خون کے ہر قطرے کا حساب لے گی۔ بلوچستان کے حقوق کی جنگ نہیں دہشت گردی ہورہی ہے۔ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا ہے ہمارے دل شہدا کے ورثا کے ساتھ ہیں ۔