چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کی بات کی تردید

1 Sep, 2024 | 01:56 PM

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کی بات کرنے کی تردید کر دی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بطور اپوزیشن جماعت ہماری سپیکر سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، ہماری ملاقاتیں اوپن اور اسمبلی امور چلانے یا اپوزیشن کے پارلیمانی امور بارے ہی ہوتی ہیں، ہم نے کبھی کسی ملاقات میں سپیکر سے مذاکرات کی بات نہیں کی، نہ ایسا ارادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کسی وفد یا رکن نے الگ سے سپیکر کے ساتھ کبھی حکومت سے مذاکرات بارے بات نہیں کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارا حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ بھی نہیں، اپنے موقف پر قائم ہیں، تحریک انصاف نے کبھی بھی سپیکر کو مذاکرات کیلئے دوبارہ آنے کی پیشکش بھی نہیں کی۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات ہو رہے ہیں تو اچھی بات ہے، اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، تحریک انصاف کو بھی مذاکرات کرنے چاہئیں، وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات کو لیڈ کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں، میں ذاتی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں۔
 

مزیدخبریں