ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر فنکار جوڑی اداکار عثمان پیرزادہ نے اہلیہ و اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کیساتھ اپنی محبت بھری شادی کا احوال سنا ڈالا۔
عثمان پیرزادہ کا شمار انڈسٹری کے ان ورسٹائل اداکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا،جبکہ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی پی ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا اور دونوں نے متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ اداکاری بھی کی۔
حال ہی میں مایہ ناز مصنف، ہدایتکار ، پروڈیوسر اور اداکار عثمان پیرزادہ نے رمیز راجا کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کیساتھ کھل کر ازدواجی زندگی کے یادگار لمحات بھی شیئر کردیے۔
اداکار نے بتایا شادی کیلئے چند ہی ملاقاتوں کے بعد ڈنکے کی چوٹ پر ثمینہ نے شادی کیلئے مجھے پروپوز کیا جس پر میں حیران رہ گیا۔
اداکار نے گھر سے بھاگ کر نکاح کرنے کا یادگار قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ جب ہماری شادی ہوئی تو میں محض 21 سال کا تھا جبکہ ثمینہ کی عمر 17 برس تھی ہم دونوں اپنے دوست کے گھر کے قریب ایک مسجد میں گئے اور نکاح کرلیا۔‘
خفیہ نکاح کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا کہ،’ گھر سے بھاگ کر خفیہ نکاح کرنے کی ضرورت اس وقت پیش آئی جب ثمینہ کے والد نے اس رشتے کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ ’ نکاح کے بعد میں اور ثمینہ اپنے اپنے گھر لوٹ گئے، میں لڈو کا ٹوکرا لیکر والدہ کے پاس گیا اور نکاح کا بتادیا جس کو سن کر وہ حیران رہ گئیں جبکہ ثمینہ کی والدہ نکاح کے متعلق جان کر بے حد ناراض ہوئیں لیکن کچھ دنوں بعد جب معاملات ٹھنڈے ہوئے تو میں نے اپنی والدہ اور بہنوں کو رخصتی کیلئے کراچی بلایا اور ثمینہ کے گھر بھیجا یوں اسطرح گھر والوں کی رضا مندی سے شادی ہو گئی۔‘
واضح رہے کہ عثمان پیرزادہ نے ثمینہ پیرزادہ سے 1975 میں شادی کی تھی جن سے ان کی دو بیٹیاں انعم اور امل پیرزادہ ہیں۔