رائل پارک (زین مدنی ) پاکستان فلم انڈسٹری کے باکمال اداکار غلام محی الدین کی فلم میرا نام ہے محبت کے 45 برس مکمل ہوگئے۔
1975 کو ہدایتکار شباب کیرانوی کی فلم میرا نام ہے محبت ریلیز ہوئی جو اداکار غلام محی الدین اور بابرہ شریف کی شان دار پرفارمنس کے باعث سپرہٹ فلم ثابت ہوئی، اس کے بعد ان دونوں فنکاروں کی اداکاری کی دھوم مچ گئی، میرا نام ہے محبت کے سدا بہار گیت آج بھی ہماری سماعتوں میں رس گھولتے ہیں، مہدی حسن اور ناہید اختر کی آواز میں یہ گیت یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم، کہانی محبت کی زندہ رہے گی آج بھی ٹیلی ویڑن یا ریڈیو پر نشر کیا جاتا ہے تو سننے والوں کو فلمی موسیقی کے ایک حسین دور کی سیر کرنے کو ملتی ہے، میرا نام ہے محبت نے نہ صرف پاکستان میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی بلکہ دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی اسے بے حد پسند کیا گیا، ہمارے دوست ملک چین میں اس فلم کی نمائش 18 برس تک جاری رہی۔
اس دور میں چین کے باسی غلام محی الدین اور بابرہ شریف کے دیوانے ہوگئے تھے، ان فن کاروں کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چینیوں نے ان کے مجسمے بھی نصب کیے۔ میرا نام ہے محبت ایک رومانوی فلم تھی جس نے پاکستان فلم انڈسٹری کو ایک پہچان دی۔