بڑی سڑکوں، فلائی اوورز پر سٹریٹ لائٹس خراب، حادثات بڑھ گئے

1 Sep, 2020 | 03:19 PM

Sughra Afzal

ٹائون ہال (جمال الدین جمالی) ضلعی  انتظامیہ کی غفلت کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر اندھیرے چھا گئے، اہم شاہراہوں اور فلائی اوورز پر سٹریٹ لائٹس لمبے عرصے سے خراب، اندھیرے میں ٹریفک حادثات کے خطرات بڑھ گئے۔

 

لاہور کی سڑکیں جو کبھی روشن ہوا کرتی تھیں مگر اب تبدیلی سرکار کی ناقص حکمت عملی کے باعث تاریک ہو گئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کی اہم شاہراہوں اور فلائی اوورز پر سٹریٹ لائٹس کافی عرصے سے خراب پڑی ہیں۔ فیروزپور روڈ، ٹاؤن شپ سمیت دیگر علاقوں میں سٹریٹ لائٹس خراب ہونے سے اندھیرا چھایا رہتا ہے جس سے ٹریفک حادثات کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔گڑھی شاہو فلائی اوور اور فیروز پور روڈ کے فلائی اوورز پرمکمل اندھیرا ہے ، شہریوں کو گاڑیاں چلاتے ہوئے مشکلات کا سامنا ہے۔

 

 شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت حادثات بڑھ جانے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثر سڑکوں پر سٹریٹ فلائٹس خراب رہتی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ کو فلائی اوورز پر سٹریٹ لائٹ فوری روشن کرنی چاہئیں۔

 

ذرائع کے مطابق کمشنر ذوالفقار احمد گھمن کی زیر صدارت لاہور کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے آج اجلاس ہوا،اجلاس میں ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت،سڑکوں کی بحالی، صفائی، ٹریفک، سرکاری اڈوں،پارکنگ،سیوریج، بھکاریوں میں اضافہ، سٹی ٹرانسپورٹ، سیوریج، مویشی منڈی و دیگر امور زیر غور آئے۔کمشنر لاہور نے ابتدائی طور پر 40 سڑکوں کے فوری پیچ ورک کرنے اور ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں کو ہٹانے کی ہدایات جاری کردیں۔

کمشنر نے ٹریفک منیجمنٹ و انفورسمنٹ کیلئے سی ٹی او لاہور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ پندرہ دن کے بعد ٹریفک کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ بھی کمشنر خود لیں گے۔

 

مزیدخبریں