سٹی42: امریکہ اور اسرائیل کے میڈیا میں یہ اطلاع شائع ہوئی ہے کہ ایران اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے جلد حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک گمنام سینئر اہلکار نے اسرائیلی اور امریکی میڈیا کو بتایا کہ ایران بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر "فوری طور پر" حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے نام ظاہر نہ کرنے والے اہلکار نے بتایا کہ "ہم اس حملے کے خلاف اسرائیل کے دفاع کے لیے تیاریوں کی فعال حمایت کر رہے ہیں۔ اسرائیل کے خلاف ایران کا براہ راست فوجی حملہ ایران کے لیے سنگین نتائج کا باعث بنے گا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق آئی ڈی ایف کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو ایرانی حملے سے خبردار کیا ہے لیکن ابھی تک کسی میزائل لانچ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
اس دوران اسرائیل کے لبنان میں سرحدی علاقہ میں محدود زمینی کارروائی کے ساتھ ہوائی ھملے بھی جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے منگل کو بتایا کہ وہ بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو ہدف بنا کر فضائی حملہ کر رہے ہیں۔
نیتن یاہو کی وارننگ
سرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے پہلے ہی ایران کو خبردار کیا ہے کہ ایران نےحملہ کیا تو اسے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ حسن نصراللہ کا قتل خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کے لیے ضروری تھ۔ حسن نصراللہ اور ان کے ساتھی اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتے تھے، بے شمار اسرائیلیوں اور سیکڑوں امریکی شہریوں کے قاتل حسن نصراللہ سے بدلہ لے لیا۔
نیتن یاہو نے کہا جو آپ کو مارنے کیلئے کھڑا ہو،پہل کرکے اسے مار دینا چاہیے۔ مشرق وسطیٰ کے پورے خطے نے اسرائیل کی طاقت تسلیم کرلی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے ایران کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران خبردار رہے، اسرائیل پر حملہ کیا تو فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔