سٹی42: تل ابیب پر حزب اللہ کی جانب سے میزائل فائر کئے گئے، جس کے بعد وسطی اسرائیل میں تل ابیب اور کئی چھوٹے شہروں میں خطرے کے سائرن بج گئے۔ شہریوں کو فوری طور پر پناہ گاہوں مین بھیج دیا گیا اور اینٹی میزائل سسٹم کو حرکت مین لایا گیا۔
لبنان کی شیعہ تنظیم حزب اللہ نے بعد میں کہا کہ اس نے تل ابیب میں موساد کے ہیڈکوارٹرز پر ’ہادی 4‘ راکٹ دائر کئے ہیں تاہم ابھی تک اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
منگل کی صبح اسرائیل کے وقت کے مطابق تقریباً گیارہ بجے وسطی اسرائیل اور شیرون کے علاقے میں راکٹ الرٹ سائرن بج رہے تھے۔
شمالی اسرائیل کے درجنوں قصبوں اور شہروں میں بھی الرٹ سائرن بج رہے تھے جو لبنان سے آنے والے راکٹ فائر کی وارننگ دے رہے تھے۔
تل ابیب، کفر سبا اور راعانہ سمیت شہروں میں سائرن کی آوازیں سنی جا سکتی تھیں۔
اسرائیل کے وسطی علاقے اور شیرون کے علاقے میں کئی اونچی آواز کے دھماکے سنے گئے جو میزائل انٹرسیپٹ کئے جانے کے دوران ہونے والے دھماکے اور میزائلوں کے ٹکڑے زمین پر گرنے کی آوازیں تھیں۔
میزائل حملے کے نتائج
ٹائمز آف اسرائیل نے بعد میں بتایا کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل پر حزب اللہ کے راکٹ حملے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک 54 سالہ بس ڈرائیور کا علاج کیا جو زیادہ زخمی حالت میں نہیں تھا اور ایک اور موٹر سوار، 31، جو ہلکے سے زخمی ہوا تھا اسے طبی امداد دی۔ ایم ڈی اے کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کے سر میں چھرے لگے تھے۔
حزب اللہ کے راکٹوں میں سے ایک نے کفر قاسم کے قریب روٹ 6 ہائی وے کو متاثر کیا۔
ایک گھنٹے میں پندرہ میزائل
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک گھنٹے میں لبنان سے تقریباً 15 میزائل فائر کئے گئے، جو شمالی اسرائیل میں گلیل کے خطے میں ’کھلے علاقوں‘ میں گرے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے لڑاکا طیاروں اور جنگی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کر رہے ہیں۔