ویب ڈیسک: پاکستانی بینڈ کے 14 سال بعد بنگلادیش میں کنسرٹ کے دوران ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلیے فوج بلانی پڑ گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں ’لیجنڈز آف دی ڈیکیڈ‘ نامی کنسرٹ میں مقامی بینڈز کے ساتھ پاکستانی بینڈ جل نے بھی پرفارم کیا۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کنسرٹ کے لئے ڈھاکہ ارینا کا انتخاب کیا تھا کہ تاہم بارش کے باعث ہنگامی طور پر مقام تبدیل کرکے ایک مال میں کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا، منتظمین کے مطابق ہنگامی طور پر مقام تبدیل کرنے سے کنسرٹ میں شدید بدنظمی دیکھی گئی۔
مقامی میڈیا نے مزید بتایا کہ کنسرٹ کے مقام پر گنجائش سے زیادہ لوگ آگئے جن میں سے اکثر ٹکٹ لئے بغیر زبردستی کنسرٹ میں داخل ہوئے تھے، کنسرٹ میں انتظامیہ اور ہجوم کے دوران کئی مرتبہ چھڑپ بھی ہوئی جس کے بعد ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے فوج کو بلانا پڑا۔
دوسری جانب معروف گلوکار گوہر ممتاز کا اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بنگلہ دیش کے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں حفاظتی وجوہات کی بنا پر اسٹیج چھوڑنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ "10,000 سے زائد ہجوم کو مقامی سیکیورٹی کے لیے سنبھالنا آسان نہیں تھا، اس لیے فوج اور حکومت نے صورتحال سنبھالی۔"" شدید بارش کی وجہ سے فوری طور پر جگہ کی تبدیلی بھی ایک چیلنج تھا۔
گوہر ممتاز کا مزید کہنا تھا کہ "میں جانتا ہوں کہ آپ میں سے کچھ لوگ مختلف شہروں سے شو دیکھنے آئے تھے لیکن آپ کی زندگی میرے لیے سب سے اہم ہے۔ اگلی بار تک، آپ سب سے محبت۔انہوں نے بنگلہ دیش کی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا اور مداحوں کی حفاظت کو اپنی ترجیح قرار دیا۔