معصوم بچے پر سگے باپ اور سوتیلی ماں کے تشدد کا دل سوز واقعہ

1 Oct, 2021 | 06:23 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)بچوں پر ہونے والے تشدد کے بڑھتے واقعات کی وجہ سے ان میں خوف، احساس کمتری جیسےعناصر پیدا ہورہے ہیں،ٹھوکر نیاز بیگ میں ایک ایسا ہی دل سوزواقعہ پیش آیا جہاں سگے باپ اور سوتیلی ماں نےمعصوم بچے کو رسیوں سے باندھ کر تشدد کیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سٹی 42 کو موصول ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں بچوں کے ساتھ بدقعلی، اغواء برائے تاوان اور اس جیسے افسوس ناک واقعات ایک خاص شرح سے بڑھ رہے ہیں جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے،ٹھوکر نیاز بیگ میں سگے باپ کا سوتیلی ماں سے مل کر بچے پر تشدد کا واقعہ سامنے آ یا،ماں معصوم بچے کو گھر میں رسیوں سے باندھ کر کراچی چلی گئی، بچہ دن رات بھوکا، پیاسا رہا، معصوم بچے کا کہناتھا کہ میری سگی ماں فوت ہوچکی ہےاور سوتیلی ماں بہت تشدد کرتی ہے۔

سٹی 42 کوموصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معصوم بچہ روٹی مانگ رہا ہے جبکہ یہ بھی کہہ رہا ہے کہ انکل بابا کو نہ بتانا وہ آکر مجھے ماریں گے،متاثرہ بچہ بتا رہا ہے کہ بابا مجھے جان سے مارنے لگے تھے،ڈر کے مارے بچہ یہ بھی کہہ رہا ہے کہ انکل تالا نہ توڑ نا، نہیں تو میرے بابا مجھے ماریں گے،سفاک سوتیلی ماں اور سگے باپ نےمعصوم بچے پر اتنا تشدد کیا جس کا اندازہ  اس کی معصومانہ باتوں سے لگایا جاسکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سوتیلی ماں نے شرارت پر بچے کو رسیوں سے باندھا اورخود کراچی چلی گئی،والد بھی دوسری بیوی کی محبت میں اندھا ہوگیا اور اپنے ہی لخت جگر پر ظلم ڈھانے لگا،ٹھوکر نیاز بیگ میں 10 سالہ بچے پر تشدد کی خبر سٹی 42 پر نشر ہوتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری کے حکم پر ہنجروال پولیس نے کارروائی کرتے متاثرہ بچے کے والد کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا،ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری کا کہناتھا کہ بچوں پر تشدد کے واقعات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں،ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


 

مزیدخبریں