ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آئے روز جدید سے جدید سمارٹ فون تیار کئے جارہے ہیں اور ان کے استعمال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ خریدار فون لیتے وقت یہی دیکھتا ہے کہ آیا کس فون کے فیچر اچھے ہیں اور وہ پرائیویسی کے حوالے سے کس حد تک محفوظ ہے۔
حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا کے تقریبا 70 ملکوں میں ایک کروڑ سے زائد موبائل فون کو نئے اینڈروئیڈ میل ویر ( malware) نےمتاثر کر دیا ہے۔ گرفٹ ہارس نامی یہ وائرس موبائل سکیورٹی کمپنی زمپیریئم (Zimperium) کے محققین نے کھوجا ہے، ان کا ماننا ہے کہ میل ویر گوگل پلے سٹور پر بظاہر غیر مشکوک ایپس کے ڈاؤن لوڈ ہونے سے پھیلا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جس فون میں یہ وائرس انسٹال ہوجاتا ہے تواس موبائل فون میں خصوصی آفرز اور انعامات کے نوٹیفکیشن آتے ہیں، جن میں صارف سے انعام حاصل کرنے کے لیے فون نمبر مانگا جاتا ہے۔
فون نمبر دینے پر صارف کو اس کی مرضی اور علم میں لائے بغیر ہی خود بخود ماہانہ 35 ڈالرز کی ایک ایس ایم ایس سبسکرپشن مل جاتی ہے اور یوں پیسے اس میل ویر کے پیچھے موجود گینگ کو منتقل ہو جاتے ہیں۔