ویب ڈیسک : سعودی عرب کی وزارت حج نے 70 سال سے زائد عمر کے افراد کےلیے عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے تاہم ایسے عمرہ زائرین کے لیے کورونا ویکسینوں کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نےاعلان کیا ہے کہ حرم مکی میں عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد ایک لاکھ جب کہ مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد ساٹھ ہزار کردی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود صحت کے کورونا پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرایا جائےگا۔ جبکہ عمرہ زائرین کے لیے ‘توکلنا‘ اور ’اعتمرنا‘ ایپس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن اور بکنگ لازمی ہے۔
دوسری طرف مسجد حرام کے بیرونی صحن میں بھی نماز کی ادائیگی کی اجازت دیدی گئی ہے مسجد حرام میں بیرونی صحن کو نماز کی ادائیگی کےلئے تیار کیا جا رہا ہے۔ کورونا کی وبا کے آغاز کے بعد بیرونی صحن میں نماز ادا کیے جانے کا یہ پہلا موقع ہو گا۔ یہ بات حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ہانی حیدر نے بتائی۔